پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یواے ای) اور عمان میں شروع ہونے والےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم 2009ء کی طرح چیمپئن بن سکتی ہے، پاکستان کی یہ ٹیم میگا ایونٹ میں کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے۔
عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ 12 سال قبل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے تب بھی پوری قوم میں مایوسی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 2009ء میں بھی تین ماہ بعد ورلڈ کپ ہوا تو اس وقت پاکستان ٹیم ہی تھی جس نے قوم کو ٹائٹل جیت کر خوشی کا موقع فراہم کیا، ٹیم میں وہی اسپرٹ نظر آرہی ہے، حالات بھی پہلے سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے ملتوی ہونے سے پاکستان میں کرکٹ کے متوالے آج بھی مایوس ہیں اور انہیں امید ہے کہ یو اے ای میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھلاڑی 2009ء کی تاریخ دہرائیں گے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، قومی ٹیم کسی کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کا فارمیٹ ہمیں سوٹ کرتا ہے، ہم ٹی ٹوئنٹی میں ہر ٹیم کے خلاف کامیاب رہے، پاکستان کی موجودہ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے، قومی ٹیم کو کبھی بھی انڈر اسٹیمیٹ نہ کریں۔
واضح رہے کہ 2009ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی نے سیمی فائنل اور فائنل میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
Comments are closed.