اتوار 16؍شوال المکرم 1444ھ7؍مئی 2023ء

پاکستان نمبر ون پوزیشن برقرار نہ رکھ سکا، آخری میچ میں شکست

آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 سے کامیاب ہوگئی، تاہم ون ڈے میں پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 299 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر ول ینگ نے 87 اور کپتان ٹام لیتھم نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

اس ینگ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا جس میں مارک چیپمین نے 43 رنز بنائے جبکہ رچن رویندرا نے 28، کول میک کونچی نے 26 اور ہینری نکولس نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔  

شاہین آفریدی پانچویں میچ میں پاکستان کے بولنگ یونٹ کے کامیاب بولر ٹھہرے، انہوں نے 46 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 

انکے علاوہ اسامہ میر اور شاداب خان نے دو دو جبکہ حارث رؤف اور محمد وسیم نے ایک ایک آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے اور یکے بعد دیگر ٹاپ آرڈر فیل ہوگیا۔ فخر زمان نے 64 گیندوں پر 33 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے ایک، شان مسعود نے 7 اور محمد رضوان 9 رنز بناسکے۔ 

قومی ٹیم کے 66 رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد آغا سلمان اور افتخار احمد نے ٹیم کو 97 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو جیت کی امید دلائی۔ 

آغا سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب خان نے 14 اور اسامہ میر نے 20 رنز کے ساتھ افتخار احمد کا ساتھ دیا جو 94 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری شپلے اور رچن رویندرا نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ ایڈم ملن، میٹ ہینری اور اش سودھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ کراچی اسٹیڈیم کی وکٹ دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے اچھی ہو جاتی ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش ہو گی کہ اپنے مومینٹم کو برقرار رکھیں اور آج کا میچ جیت کر کلین سوئپ کریں۔

پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، شان مسعود، محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، ویسم جونیئر اور حارث رؤف شامل تھے۔

قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ابتدائی چاروں میچز میں شکست سے دوچار کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.