ہفتہ 15؍شوال المکرم 1444ھ6؍مئی 2023ء

پاکستان نمبر ون ٹیم بنی تو وزیراعظم خیالات کا اظہار کیے بغیر نہ رہ سکے

نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دینے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اس فارمیٹ میں نمبر ون ٹیم بنی تو وزیراعظم شہباز شریف بھی اپنی خوشی اور خیالات کا اظہار کیے بغیر نہ رہ سکے۔

گزشتہ روز کپتان بابر اعظم کی سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل 102رنز کے بڑے مارجن سے جیت کی تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے اپنی خوشی اور جذبات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے لکھا کہ آج کا دن بہت اچھا ہے کیونکہ پاکستان ون ڈے کرکٹ کی ٹاپ ٹیم بن گئی ہے، گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر شاندار طریقے سے آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔

شہباز شریف نے لکھا کہ قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے کپتان بابر اعظم جنہوں نے ون ڈے میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کیے اور پاکستان کرکٹ کو اس اعزاز تک پہنچانے کا کارنامہ انجام دیا۔

وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم، پی سی بی، بابر اعظم اور قوم کو میری طرف سے دلی مبارکباد۔

واضح رہے کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں چار صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ کل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-2 سے برابر ہوئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.