ہفتہ 15؍شوال المکرم 1444ھ6؍مئی 2023ء

پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے، اعزازی مشیر برائے سرمایہ کاری

جاپان میں پاکستان کے اعزازی مشیر برائے سرمایہ کاری Kimihide Ando نےکہا ہے کہ پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کام کرنے والی پاکستان کی سب سے بڑی تنظیم پاک جاپان بزنس فورم کے سابق صدر کلیم فاروقی کی جانب سے Kimihide Ando کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھرپور مواقع موجود ہیں لہٰذا وہ کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے متعارف کرائیں۔

کلیم فاروقی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلیم فاروقی نے اپنی کوششوں سے نہ صرف جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا بلکہ بہت ساری پاکستانی کمپنیوں کو جاپانی کمپنیوں کے ساتھ تجارت کے مواقع بھی فراہم کیے جس سے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

اس موقع پر جاپان کی معروف آئی ٹی کمپنی پلس ڈبلیو کی سربراہ wakako sakurai نے اپنے خطاب میں کہا کہ جاپانی حکومت نے غیر ملکی ماہرین کو جاپان میں ملازمت کی اجازت دی ہے، وہ چاہتی ہیں کہ پاکستان سے زیادہ سے زیادہ آئی ٹی ماہرین جاپان لے کر جائیں، پاکستان میں آئی ٹی ماہرین کا معیار بہت بلند ہے لہٰذا پاکستان سے بڑی تعداد میں ماہرین کو جاپان بلوایا جاسکتا ہے جس کے لیے ہم پاک جاپان بزنس فورم کے ڈائریکٹر اور سابق صدر کلیم فاروقی کے مشکور ہیں جن کی بدولت پاکستان میں کام کرنے میں بہت آسانی محسوس ہورہی ہے۔

تقریب میں بڑی تعداد میں جاپانی و پاکستانی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.