وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سعودی نائب وزیر نے کہا کہ پاکستان دوسرا گھر ہے، پاکستان کے معدنیات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی نائب وزیر کان کنی خالد بن صالح المدفر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں مدد پر سعودی حکومت اور عوام کا شکرگزار ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاری کرنے والوں کو نگراں اور آئندہ منتخب حکومت سہولتیں فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، کونسل پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری منصوبوں کی فوری و بلاتعطل تکمیل یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا 10 ہزار میگاواٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بھی بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین موقع ہے۔
سعودی نائب وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے مثبت پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
Comments are closed.