پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز ہفتے سے شروع ہوگی، انجری کے شکار شاداب خان کل وطن واپسی کا سفر شروع کریں گے۔
دوسری جانب ہوم ٹیم شدید فٹنس مسائل میں گِھر گئی ہے، وین ڈر ڈوسین کے بعد کپتان ٹیمبا باؤما بھی انجرڈ ہوگئے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز مکمل ہوگئی، ون ڈے سیریز میں پروٹیز کو 1-2 سے مات دی۔
اب باری ہے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی، جس کے لیے دونوں ٹیمیں کل سے تیاری کا آغاز کریں گی۔
پاکستان ٹیم سے شاداب خان سیریز سے آؤٹ ہوگئے ہیں، جس کی وجہ ان کی پیر کی انجری بنی، وہ ہفتے کی صبح امام الحق کے ساتھ وطن واپس پہنچیں گے۔
پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سیریز کی تیاری کے لیے بھرپور ٹریننگ سیشن کرے گا، ون ڈے سیریز میں لگاتار 2 سنچریاں بنانے والے فخر بھی اس سیریز میں شامل ہوں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم جس کے 5 کھلاڑی تو پہلے ہی ٹیم سے رخصت لے چکے، اب ٹیم فٹنس مسائل میں بھی گھِر گئی ہے، وین ڈر ڈیوسین کے بعد کپتان ٹیمبا باؤما بھی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے۔
ہیڈکوچ مارک باؤچر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ باؤما کی سیریز میں شرکت مشکوک ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی ہفتے کو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے شروع ہوگا۔
Comments are closed.