وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ ہم نے دنیا کی تمام قوتوں کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان اور کشمیر ایک سکے کے دو رخ ہیں۔
یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر لاہور پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت میں بسنے والی اقلیتوں پر مظالم انتہا پسندانہ سوچ کے عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن بین الااقوامی سطح پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کا دن ہے، آج کا دن کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یک جہتی اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت ہو یا اپوزیشن سب بخوبی آگاہ ہیں کہ کشمیر پاکستان کے وجود کا حصہ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان کا جغرافیہ اور وجود نامکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا کشمیریوں سے وعدہ ہے کہ وہ عالمی ضمیر جھنجھوڑیں گے، بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق غصب کر رکھے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ کشمیری خواتین کی عصمت دری کی داستانیں کسی سے چھپی نہیں، بھارتی فوج ہر طرح کا ظلم کر کے بھی کشمیریوں کا جذبہ نہیں دبا سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ہتھکنڈے دم توڑ چکے ہیں، ہر آنے والا دن کشمیریوں کی جدوجہد میں اضافہ کر رہا ہے، بھارت کشمیریوں سے آزادی کا خواب نہیں چھین سکتا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی اور نظریاتی راہیں جتنی بھی جدا ہوں کشمیر کے مسئلے پر ہم سب ایک ہیں، پاکستان ہر محاذ پر کشمیر کی جدوجہد جاری رکھے گا۔
Comments are closed.