جاپان میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے انتہا مواقع موجود ہیں لہذا جاپان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کریں۔
یہ بات جاپان میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے سعودی عرب سے تشریف لائی معروف کاروباری شخصیت اور انویسٹمنٹ پروموشن کونسل پاکستان کے صدر اکمل پرویز سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ تیسری دنیا کے جن ملکوں نے ترقی کی ہے ان میں وہاں کے بیرون ملک مقیم شہریوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، بلاشبہ اوورسیز پاکستانی بھی پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرر ہے ہیں لیکن اب وقت ہے کہ قانونی طریقے سے رقم بھیجنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری بھی کی جائے تاکہ پاکستان میں مقیم عوام کو زیادہ سے زیادہ ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہوسکیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ سعودی عرب اور جاپان سے پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری ممکن بنائی جاسکتی ہے جس میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہوسکتا ہے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اکمل پرویز نے کہا کہ انویسٹمنٹ پروموشن کونسل پاکستان عالمی سطع پر اوورسیز پاکستانیوں کا ایسا فورم ہے جس میں دنیا بھر میں مقیم کامیاب اوورسیز پاکستانی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے بیرون ملک مقیم نہ صرف پاکستانیوں کو بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے کیے رضامند کرسکیں گے تاہم اس مقصد کے لیے ہمیں حکومت پاکستان کا بھرپور تعاون درکار ہوگا کیونکہ ابھی تک حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم نہیں کرسکی ہے لہذا نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کو بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں لا تعداد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا وہ اس نئے فورم کے ذریعے حکومت پاکستان کو تجاویز پیش کریں گے کہ کس طرح زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو پاکستان میں ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
اکمل پرویز نے چھٹی کے دن ملاقات کا وقت دینے پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وہ نہ صرف سعودی عرب سے بلکہ جاپان سے بھی کئی مصنوعات کو پاکستان میں متعارف کرانا چاہتے ہیں جبکہ بھاری سرمایہ کاری بھی پاکستان میں کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں حکومت کا تعاون درکار ہے جس کے لیے ان کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
اس موقع پر سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے اکمل پرویز کے پاکستان کے لیے مستقبل کے منصوبوں کے لے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔
سفیر پاکستان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اکمل پرویز کے ساتھ جاپان کی معروف کاروباری شخصیات ملک یونس اور شیخ ذوالفقار بھی شامل تھے۔
Comments are closed.