انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں آج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔
آج کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاپوانیوگنی کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے دوپہر تین بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلا دیش اور عمان شام 7 بجے مدمقابل ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں سری لنکا نے نمیبیا اور آئرلینڈ نے نیدرلینڈز کو باآسانی شکست دی تھی۔
گزشتہ روز کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچز میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 3 وکٹوں سے ہرایا تھا، جنوبی افریقا نے افغانستان کو 41 رنز سے اور بھارت نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے زیر کیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جارہا ہے، پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان عمان شامل ہے، دونوں گروپ سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔
سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ 1 میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 کے مقابلے 23 اکتوبر سے شروع ہوں گے جس میں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
Comments are closed.