امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کرنے والے ملزم نے حملے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر اپنے منصوبے کے بارے میں آگاہ کردیا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ٹیکساس کے ایلیمنٹری اسکول کے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو گولی مار کر قتل کرنے والے شخص نے حملے سے پہلے فیس بُک پر تین پیغامات جاری کیے تھے۔
ملزم نے پہلے پیغام میں لکھا تھا کہ ’میں اپنی دادی کو گولی مارنے جا رہا ہوں۔‘
دوسرے پیغام میں لکھا کہ ’میں نے اپنی دادی کو گولی مار دی ہے۔‘
ملزم نے اپنا آخری پیغام اسکول پر حملے سے 15 منٹ پہلے جاری کیا تھا جس میں لکھا گیا تھا کہ ’میں ایک پرائمری اسکول پر فائرنگ کرنے جا رہا ہوں۔‘
اس حوالے سے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کے ترجمان اینڈی سٹون نے کہا کہ ’انتباہات پرائیویٹ ون ٹو ون ٹیکسٹ میسجز میں بھیجے گئے تھے جو فائرنگ کے بعد ملے تھے، فیس بک قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔‘
خیال رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 19 کمسن بچے اور 2 ٹیچرز ہلاک ہوئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ملزم کی فائرنگ سے دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
پولیس نے اسکول میں فائرنگ کرنے والے 18 سالہ نوجوان سیلواڈور راموس کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔
Comments are closed.