ٹوکیو اولمپکس کے چوتھے روز چینی اور روسی اولمپک کمیٹی کے ایتھلیٹس نے عمدہ کارکردگی کے ذریعے تین، تین گولڈ میڈلز اپنے نام کیے لیکن میڈل ٹیبل پر دس سونے کے تمغوں کے ساتھ جاپان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
امریکا اور چین کے طلائی تمغوں کی تعداد 9، 9 ہے لیکن مجموعی تمغوں کے اعتبار سے امریکا کی دوسری اور چین کی تیسری پوزیشن ہے۔
اولمپکس مقابلے کے چوتھے روز چینی ایتھلیٹس نے عمدہ کارکردگی پیش کی، اُن کے ایتھلیٹس تیسرے روز ایک بھی گولڈ میڈل نہیں جیت سکے تھے لیکن منگل کو اُنہوں نے تین طلائی تمغے حاصل کرکے اُس کا ازالہ کردیا۔
چین نے ڈائیونگ اور شوٹنگ کے دونوں ایونٹس میں گولڈ میڈل جیتے، رشین اولمپک کمیٹی کے ایتھلیٹس نے بھی تین گولڈ میڈل جیتے، اُنہوں نے آرٹسٹک جمناسٹک میں فیورٹ امریکا کو شکست دی۔ اس کے علاوہ مینز سوئمنگ اور تائی کوانڈو میں طلائی تمغے اپنے نام کیے۔
جاپان نے مزید دو سونے کے تمغے جیت کر تعداد 10 تک پہنچادی، اس کے علاوہ جنوبی کوریا، جرمنی اور امریکا نے بھی دو، دو سونے کے تمغے حاصل کیے، چوتھے روز برطانیہ، آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ، فرانس، برمودا، برازیل ، چائنیز تائپے اور کینیڈا نے ایک، ایک گولڈ میڈل جیتا۔
Comments are closed.