پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، ارشد ندیم اولمپکس ایتھلیٹکس مقابلوں کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے سات اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوں گے۔ ارشد ندیم ٹاپ تھری ایتھلیٹ کے طور پر ٹریک پر آئیں گے اور یقینی طور پر وہ پاکستان کیلئے میڈل کی ایک امید ہوں گے۔
ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے گروپ میچز آج صبح ہوئے، پاکستان کے ارشد ندیم گروپ بی میں شامل تھے ۔
ایونٹ میں شریک 32 ایتھلیٹس کو فائنل تک رسائی کیلئے پہلے 83 اعشاریہ پانچ کی تھرو درکار تھی، ارشد ندیم پہلی باری میں تو 78 اعشاریہ پانچ کی تھرو کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 85 اعشاریہ ایک چھ کی تھرو کرکے فائنل کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا ۔
یہ ارشد ندیم کے اپنے کیریئر کی تیسری بہترین تھرو تھی، ارشد ندیم 85 اعشاریہ ایک چھ کی تھرو کے ساتھ گروپ بی میں پہلی پوزیشن پر رہے جبکہ دونوں گروپس میں مجموعی طور پر یہ تیسری بہترین تھرو رہی۔
گروپ اے میں شامل بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا 86 اعشاریہ چھ پانچ کی تھرو کے ساتھ پہلی جبکہ جرمنی کے جوہانیس ویٹر 85 اعشاریہ چھ چار کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
حیرت انگیز طور پر ٹاپ جیولین تھرورز جولیئس یگو، چاو سن سینگ ، کیشورن ویلکوٹ، مارسن کرووسکی، برنہارٹ سیفرٹ اور اینڈرسن پیٹرس فائنل تک کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔
اولمپکس مقابلوں میں جیولین تھرو کا ورلڈ ریکارڈ ناروے کے ایندریاس تھورکلڈسن کے پاس ہے، انہوں نے2008 بیجنگ اولمپکس میں 90 اعشاریہ پانچ سات کی تھرو کی تھی جبکہ جمہوریہ چیک کے یان زیلزنی 88 اعشاریہ چار آٹھ کی تھرو کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ کے حامل ہیں۔
Comments are closed.