ٹنڈوالہٰ یار میں نجی اسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت سے حاملہ خاتون بچے سمیت انتقال کر گئی، واقعے کے بعد اسپتال کے ڈاکٹر اور عملہ اسپتال چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق گوٹھ جمعہ خان لوند کے رہائشی عرفان نے اپنی بیوی روح زہرہ کو ڈیلیوری کے لیے ٹنڈو الہٰ یار کے نجی اسپتال میں داخل کروایا تھا جہاں ڈاکٹر اور عملے کی مبینہ غفلت کے باعث حاملہ خاتون انتقال کرگئی۔
واقعے کے بعد جاں بحق خاتون کے ورثاء نے احتجاج کیا تو اسپتال کا عملہ اور ڈاکٹر اسپتال سے فرار ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے متاثرہ خاندان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا جس کے بعد ورثاء نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس کے حوالے کر دی۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
Comments are closed.