ٹماٹر جہاں ذائقہ دوبالا کرتا ہے وہیں یہ صحت کے لئے بھی بہترین ہے۔
اس میں وٹامن اور منرلز کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جن میں وٹامن اے، سی، آئرن اور نمکیات شامل ہیں، اسی لیے اس کے استعمال سے صحت پر بے شمار طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
ٹماٹر ایسی غذا ہے جسے سلاد کے طور پر کچا اور ہر سالن میں استعمال کیا جاتا ہے ، اس سے بننے والی چٹنیاں نہایت شوق سے کھائی جاتی ہیں، اس کی تاثیر ٹھنڈی اور اس کے استعمال سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے، خون پتلا ہوتا ہے اور خون میں موجود لال خلیوں کی افزائش ہوتی ہے، خون کی کمی کی شکایت بھی دور ہوتی ہے۔
ذکر کئے گئے ان فوائد کے علاوہ دیگر کئی فوائد درج ذیل ہیں جو شاید ہی آپ کو معلوم ہوں۔
ایک تحقیق کے مطابق امریکا میں اموات کی سب سے بڑی وجہ امراض قلب ہیں، تاہم ٹماٹر میں موجود لائیکوپین اور بیٹا کیروٹین اس خطرے کو کم کرتا ہے لیکن غور طلب بات یہ ہے کہ ٹماٹر اُسی صورت میں اس خطرے کو کم کرسکتا ہے جب اسے درست طریقے سے پکایا گیا ہو۔
محققین کے مطابق کچے ٹماٹر، ٹماٹر کی چٹنی اور زیتون کے تیل میں تیار کردہ ٹماٹر صحت کے لئے بہترین ہے، کیونکہ زیتون کا تیل جسم میں لائیکوپین جذب کرنے کی صلاحیت کو بڑھا دیتا ہے۔
اس کے علاوہ اگر آپ ٹماٹر کا رس اپنی روز مرہ کی غذا میں شامل کرلیں تو یہ LDL یعنی خراب چربی کو کم اور HDLیعنی صحت مند چربی کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق جو لوگ ٹماٹر یا ٹماٹر سے بنی غذا کا استعمال کرتے ہیں انہیں پھیپھڑوں، پروسٹیٹ اور معدے کے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
محققین کا خیال ہے کہ ٹماٹر میں موجود لائکوپین اور بیٹا کیروٹین کینسر کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ٹماٹر سے حاصل ہونے والا وٹامن سی قوت مدافعت کے نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اگر ہم ایک کپ ٹماٹر کا رس اپنی غذا میں شامل کرلیں تو یہ کولسٹرول کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کو 45 ملی گرام وٹامن سی بھی فراہم کرئے گا، جو روز مرہ کی ضرورت کا 75 فیصد ہے۔
یہ ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے، وٹامن سی آپ کے جسم کے مدافعتی خلیوں کو بڑھانے میں مدد کرتا ہے جو انفیکشن سے لڑتے ہیں۔
ٹماٹر صرف اندرونی صحت کے لئے ہی نہیں بلکہ ظاہر حسن کو بھی بڑھاتا ہے، اگر آپ اسے جلد پر استعمال کریں تو یہ جلد کو چمکدار بناتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق ٹماٹروں میں موجود لائکوپین دھوپ سے جھلسنے والی جلد کے لیے بہترین ہے۔
محققین کے مطابق جو لوگ 10 ہفتوں تک روزانہ 40 گرام ٹماٹر کا پیسٹ زیتون کے تیل کے ساتھ کھاتے ہیں ان میں دھوپ میں جلنے کی شرح 40 فیصد کم ہوتی ہے۔
Comments are closed.