یورپین یونین نے کہا ہے کہ ویکسین ہی کورونا وائرس کے مختلف ویرئینٹ کے خلاف بہترین لائحہ عمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے یورپین سربراہان کی سمٹ کے بعد ایک آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس کے ڈیلٹا یا انڈین ویرئینٹ کے پھیلاؤ پر سخت تشویش ہے لیکن ویکسین ہی اس کا بچاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ برطانیہ کی طرف دیکھیں تو وہاں 90 فیصد انفیکشن اس کے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ یہاں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔
لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ دہری ویکسینیشن اس کے خلاف اچھی مدافعت فراہم کر رہی ہے۔ حتٰی کہ ویکسین کی ایک خوراک بھی اس کے خطر ناک حملے سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کر تی ہے۔
یورپین کمیشن کی صدر نے اس موقع پر چوکنا رہنے کی تاکید کرتے ہوئے مزید تلقین کی کہ ماسک اور سماجی فاصلے کو ابھی نہ چھوڑا جائے۔
علاوہ ازیں یورپین رہنماؤں نے اپنی دو روزہ سمٹ میں کوویڈ-19 کے بعد معاشی بحالی، مائیگریشن، ترکی اور روس کے ساتھ معاملات پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ترکی کے ساتھ تعلقات میں بہتری جبکہ روس کے ساتھ تعلقات میں خرابی آئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ کہ یورپ نے شامی مہاجرین کے مسئلے پر ترکی اور دیگر ممالک کی مدد کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ یہ یورپ کے اجتماعی مفاد میں ہے کہ وہ عالمی وباء اور اس سے جڑے معاشی بحران کے دور میں ان مہاجرین اور ان کے میزبان ملکوں کی مدد جاری رکھے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یورپین یونین شامی مہاجرین کیلئے 2024 تک ترکی کو تین ارب اور اردن اور شام کو 2.2 ارب یورو اضافی امداد فراہم کرے گی۔
Comments are closed.