منگل 21؍شعبان المعظم 1444ھ14؍مارچ 2023ء

وہ کون لوگ ہیں جو ویرات کوہلی پر تنقید کرتے ہیں، محمد عامر

پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جو ویرات کوہلی پر تنقید کرتے ہیں مجھے اس کی بالکل سمجھ نہیں آتی۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ وہ ایک انسان ہے ایسا نہیں ہے کہ اس کے پاس ریموٹ ہے کہ وہ بٹن دبائے اور روزانہ سنچری اسکور کر دے۔

انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی بھارت کے لیے میچز جیتے گا، ہر کھلاڑی کو نشیب و فراز سے گزرنا پڑتا ہے، مجھے اس لیے اندازہ ہے کہ میں بعض اوقات اچھی بولنگ کے باوجود وکٹیں نہیں لے پاتا اور کبھی فل ٹاس پر وکٹ مل جاتی ہے۔

محمد عامر کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی محنتی کرکٹر ہے اس پر کوئی شک نہیں کر سکتا، جب بھی ان پر تنقید ہوئی انہوں نے باؤنس بیک کیا۔

بابر اعظم کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر محمد عامر نے کہا کہ جب آپ گراؤنڈ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرتے ہیں تو دوستی پیچھے چلی جاتی ہے آپ کو اپنا بہترین دینا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹر کوئی بھی ہو گراؤنڈ میں آپ کو جارحانہ انداز اپنانا پڑتا ہے، فرنچائز کرکٹ میں اگر بیٹر اور بولر کے درمیان مقابلہ ہو تو فینز کی دلچسپی بڑھتی ہے اور ٹورنامنٹ مقبول ہوتا ہے، لوگوں نے سوشل میڈیا پر بہت انجوائے کیا میں خود بھی بہت لطف اندوز ہوا۔

فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بحیثیت کرکٹر دوسرے کرکٹر کے ساتھ رقابت ہونا ضروری ہے۔

شاہین شاہ آفریدی سے متعلق بات کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل میں بیٹنگ میں کچھ مختلف ورلڈ کپ کو ہی ذہن میں رکھ کر رہے ہیں، پاکستان کو بھی اس حوالے سے دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اسی طرح بیٹنگ پر محنت کرتے رہے تو ضرور اس میں مزید بہتری آئے گی، وہ بڑے چھکے مار سکتے ہیں انہوں نے نصف سنچری بھی بنائی ہے۔

محمد عامر کا کہنا ہے کہ مجھے بھارت کے خلاف کھیل کر ہمیشہ اچھا لگا جو دباؤ ہوتا ہے اس کا میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا، پاک بھارت میچ کے بہت چرچے ہوتے ہیں سوچ ایک ہوتی ہے کہ بس جیتنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستان کو اپنا اسپن ڈیپارٹمنٹ مضبوط بنانا ہے، بھارت میں جس کا اسپن بولنگ ڈیپارٹمنٹ مضبوط ہو گا وہ ورلڈ کپ جیتے گا۔

فاسٹ بولر کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاداب خان اور محمد نواز ورلڈ کپ میں اہم ہو سکتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ ہوتا تو عماد وسیم اچھے ثابت ہوتے، اسامہ میر بھی اچھے لیگ اسپنر ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.