خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر کامران خان بنگش نے وفاقی حکومت پر صرف اپنی جیب بھرنے کا الزام لگا دیا۔
پشاور میں صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کامران بنگش نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پورا ملک متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں ذرا سی قیمتیں بڑھنے پر یہ لوگ احتجاج کرتے تھے، پیٹرولیم لیوی سے سب سے زیادہ نقصان خیبرپختونخوا کو ہوگا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت نے چھوٹے صوبوں کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے، وفاقی حکومت صرف اپنی جیب بھرنا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے مطابق زیادہ پیٹرول پیدا کرنے والے صوبے کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف اے ڈی) میں زیادہ حصہ ملے گا۔
کامران بنگش نے یہ بھی کہا کہ 10 روپے ریٹ بڑھنے سے 1.3 روپے خیبرپختونخوا کو ملنے ہیں، پیٹرولیم لیوی کی صورت میں ساری رقم اب وفاق کو چلی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی صورت میں خیبرپختونخوا کے ساتھ کی گئی زیادتی قابل مذمت ہے۔
Comments are closed.