اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 2020-21کا کیلنڈر جاری کر دیا ہے جبکہ اس سال گرمیوں کی تعطیلات صرف ایک ماہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 2020-21کا کیلنڈر جاری کر دیا ہے اور وزارت تعلیم کے مطابق نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع کیا جائے گا اور موسم گرما کی چھٹیوں کا دورانیہ کم کر کے ایک ماہ کر دیا گیا ہے جو 2 سے 31 جولائی تک محدود کی گئیں ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک ہونگے جبکہ پہلی سے چوتھی اور چھٹی اور ساتویں کے امتحانات تعلیمی ادارے یکم سے 15 جون تک لیں گے۔
وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات کے نتائج کا اعلان 30جون تک کردیا جائے گا جبکہ پہلی سے چوتھی اور ساتویں آٹھویں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان یکم جولائی کو کیا جائے گا۔
واضح رہے کورونا وائرس کے باعث گزشتہ سال 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے جبکہ سندھ میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے ہی تعلیمی ادارے بند تھے۔
چھ ماہ کی طویل بندش کے بعد تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر2020 کو دوبارہ کھولا گیا تاہم وبا کی دوسری لہر کے باعث انہیں 26 نومبر کو دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔
The post وفاقی تعلیمی سیشن 2020-21 کا کیلنڈر جاری appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.