بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وضاحت کے نام پر شاہد خاقان عباسی نے یوٹرن لے لیا ہے، پلوشہ خان

پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر پلوشہ خان کا کہنا ہے کہ شوکاز کو آج وضاحت کا نام دے کر شاہد خاقان عباسی نے یوٹرن لے لیا ہے۔

پلوشہ خان نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے شوکاز سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رات شوکاز جاری کیا، صبح تک وہ وضاحت میں بدل گیا، کل ن لیگ اس پر شرمندگی کا اظہار کرے گی۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس نہیں بھیجا، بس وضاحت مانگی ہے۔

پلوشہ خان نے ماضی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے سابق صدر زرداری سے ان کے خلاف کرپشن کے جھوٹے مقدمات بنوانے پر معافی مانگی، نوازشریف نے شہید بینظیر بھٹو کی کردار کشی کرنے پر شرمندگی کا اظہار کیا، مریم نواز غلط مشوروں سے شوکاز جاری کرا کر نوازشریف کومستقبل میں شرمندگی پر مجبور کر چکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شوکاز سے ظاہر ہے کہ ن لیگ نے جان بوجھ کر ایسا ماحول پیدا کیا جس سے پی ڈی ایم میں اختلافات ہوں، ن لیگ نے استعفوں کو لانگ مارچ سے اچانک نتھی کر کے پی ڈی ایم میں پھوٹ ڈالی، ن لیگ نے سینیٹرز کے آزاد پارلیمانی گروپ کو زبردستی باپ کا قرار دیا جوحقائق کے خلاف ہے۔

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کہتےہیں کہ پیپلز پارٹی اور اےاین پی کو شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا مقصد پیپلزپارٹی سے جواب مانگنا ہے کہ آپ نے حکومتی ارکان کا ووٹ کیوں حاصل کیا۔

پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ پی ڈی ایم میں پھوٹ ڈلوانے کے علاوہ کچھ سننے کو تیار نہیں، آج پیپلزپارٹی کے خلاف ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک پیج پر آچکے ہیں۔

پلوشہ خان نے کہا ہے کہ ہم مفاہمت چاہتے ہیں تاہم بزدل نہیں، بلاول بھٹو ن لیگ اور پی ٹی آئی سے نمٹنے کے لیے اکیلے کافی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.