وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں اُبھرتے ہوئے انسانی و معاشی بحران سے متعلق خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری سے افغان شہریوں کی معاونت کے لیے فوری اقدام کی اپیل کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کی سائیڈلائنز پر سعودی اور ترک وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر بڑھتے ہوئے باہمی تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو سے ملاقات میں وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاک-ترک اعلیٰ سطح اسٹریٹجک کونسل کے ترکی میں منعقد ہونے والے ساتویں اجلاس میں شرکت کے منتظر ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments are closed.