وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ایجنڈے کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 11 بجے ہوگا، اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 130 کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب اسمبلی کےاطراف دفعہ 144 نافذ کردی، ملکی و غیر ملکی میڈیا کو بلا روک ٹوک الیکشن آبزرو کرنے کی اجازت ہوگی۔
پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے شفاف انتخابات کے لیے پنجاب اسمبلی میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، تمام اراکین اسمبلی کی بلا رکاوٹ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنایاجائے گا۔
ترجمان کے مطابق اسمبلی کی حدود میں دوران سیشن کسی غیر متعلقہ شخص یا مہمان کو لانے کی اجازت نہیں ہوگی، ملکی و غیر ملکی میڈیا سمیت فافن اور پلڈاٹ کو بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب آبزرو کرنے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے 16 اور 17 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 500 گز کی حدود میں 5 سے زیادہ لوگ اکٹھے نہیں ہو سکیں گے، ممبران اسسمبلی، اسٹاف اور میڈیا کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی، معروف سیاستدان بھی داخل ہوسکیں گے، جن کی تعداد 40 تک ہوگی۔
ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہر صورت ہوگا، اگر کسی نے ووٹنگ میں خلل کی کوشش کی تواس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
Comments are closed.