وزیر اعظم عمران خان نے تراڑ کھل میں انتخابی جلسے سے خطاب میں حریت رہنما سید علی گیلانی، یاسین ملک اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا تذکرہ کیا۔
دوران خطاب وزیراعظم عمران خان نے استفسار کیا کہ گزشتہ 10 سال سے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی، کیا انہوں نے اس دوران کبھی کشمیر کا نام لیا؟
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان کو دنیا بھر میں برا بھلا کہتا پھر رہا تھا اور نواز شریف نے اسی کو اپنے گھر شادی پر بلایا۔
وزیر اعظم نےکہا کہ نریندر مودی دنیا بھر میں پاکستان کو دہشت گرد ملک کہتا تھا، نواز شریف نے منتیں کرکے بھارتی وزیراعظم کو بلایا اور کہا کہ مودی صاحب آجاؤ، شادی میں رونق ہوجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ وزیراعظم بھارتی دورے کے دوران حریت رہنماؤں سے نہیں ملا کہ کہیں نریندر مودی ناراض نہ ہوجائے۔
عمران خان نے کہاکہ آصف زرداری نے کشمیر سے متعلق اس لیے بات نہیں کی کیونکہ اسے پیسے گننے سے وقت ہی نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ جو قربانی کشمیری دے رہے ہیں پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی، ہم دنیا کو بھی کشمیر کے ساتھ کھڑا کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حریت رہنما علی گیلانی جو بھارتی قید میں ہیں، ان کی کشمیر کے لیے جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یاسین ملک بھی بھارتی قید میں ہے، جب آزاد کشمیر میں زلزلہ آیا تھا تو میرے ساتھ وہ یہاں مہم چلارہے تھے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ میں یاسین ملک کو کہوں گا کہ حوصلہ نہ ہارنا، آپ تھوڑا اور صبر کرو، اللّٰہ کہتا ہے ہر مشکل کے بعدآسانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللّٰہ آسانی آنے والی ہے، ساری قوم آپ کیلئے دعا کررہی ہے، ہمارا ایمان ہے آپ کو حق ملے گا، آپ خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
Comments are closed.