وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچودھری نے وزیراعظم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کو ووٹنگ کے طریقہ کار اور مشین کے مختلف فیچرز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشین کی مدد سے ووٹنگ کا سارا عمل مکمل طور پر شفاف اور غیرجانبدار ہوجائے گا، ووٹنگ مشین سے انتخابی عمل کے نتائج مکمل طور پر محفوظ اور فوری میسر آسکیں گے۔
وزیرِ اعظم کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابی عمل کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جس پر وزیرِ اعظم نے نمونہ مشین کی ورکنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نےوزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور کامسیٹس کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں ملک میں ہونے والے تقریباً ہر الیکشن پر مختلف سوالات اٹھے، جمہوری عمل کسی ایسے نظام کا متحمل نہیں ہو سکتا، جس پرعوام کا اعتماد متزلزل ہو چکا ہو، الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کروانا ملک میں جمہوریت کے مفاد میں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مجوزہ الیکٹرانک مشین کو جدید سیکیورٹی فیچر سے مزین کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے ترقی یافتہ ملکوں کے تجربے کو بھی سامنے رکھا جائے۔
اعلامیے کے مطابق الیکٹرانک ووٹنگ مشین وزراتِ سائنس ،کامسیٹس اور این آئی ای کی مشترکہ کاوش ہے۔
Comments are closed.