سپریم کورٹ آف پاکستان میں وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے ارکانِ اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رجسٹرار سے فیصلے کی کاپی طلب کر لی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اس ضمن میں رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ حیران ہوں کہ مجھے ابھی تک آرڈر کی فائل موصول کیوں نہیں ہوئی، کیس کے تحریری فیصلے کی کاپی مجھے نہیں دی گئی، براہِ کرم مقدمے کی فائل فراہم کی جائے تاکہ فیصلہ پڑھ سکوں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی روایت کے مطابق بینچ کا حصہ بننے والے ججز کو فیصلے کی کاپی دی جاتی ہے، جسٹس اعجاز الاحسن کو فیصلے کی کاپی موصول ہوئی مگر مجھے نہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ مجھے کاپی فراہم کرنے سے پہلے میڈیا کو کیسے دے دی گئی؟ فیصلہ میڈیا کو جاری کرنے کا آرڈر کس نے دیا؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھ سے پہلے میڈیا کے ذریعے کیس کے فیصلے سے پوری دنیا کو پتا چل چکا تھا، مجھے کیوں اس فیصلے سے اتفاق یا اختلاف کا موقع فراہم نہیں کیا گیا؟
Comments are closed.