بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیرِ اعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے

وزیرِ اعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادی جماعتوں کے تقریباً 150 اراکین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ چکے ہیں، سوا 12 بجے دن قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں آج صبح مشترکہ ناشتے کے اہتمام کیا گیا، جس میں وزیرِ اعظم عمران خان بھی شریک ہوئے۔

وفاقی کابینہ کے ارکان، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام اراکینِ قومی اسمبلی کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے ناشتے میں شریک ہوئے۔

اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے اراکین کو ناشتے کی دعوت دی گئی۔

ایم کیو ایم کے ارکان ناشتے کے لیے ایک ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتے کی بیٹھک میں حکومت و اتحادی مشترکہ حکمتِ عملی طے ہوئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس پر سیکیورٹی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے سلسلے میں حکومت کو 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے، سادہ اکثریت کے لیے عمران خان کو 172 ووٹوں کی ضرورت ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس نشستوں کی تعداد 160 ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ارکان کی ذمے داری ہے کہ اعتماد کے ووٹ کو کامیاب کرائیں جبکہ انہوں نے بطور پارٹی چیئرمین پی ٹی آئی کے ارکینِ قومی اسمبلی کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

آج پارٹی کا جو رکن غیر حاضر رہا اس کے خلاف آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ایکشن لیا جا سکتا ہے، عدم حاضری کی صورت میں رکن کے خلاف نااہلی کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

دوسری جانب اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی نے عدم اعتماد کا فیصلہ کر دیا، اپوزیشن کے انکار کے بعد اب اس اجلاس کی کوئی سیاسی حیثیت ہی نہیں رہی، ملک میں کوئی وزیرِ اعظم نہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.