مسلم لیگ نون کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے قوم سے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، 50 ہزار گھر ہی دے دیتے، یہ سلیکٹڈ بھی ہیں اور ریجیکٹڈ بھی ہیں۔
لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نون لیگ کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف ہیں، پارٹی متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 نومبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا، یہ سیاسی تاریخ میں سیاہ دن کے نام سے یاد کیا جائے گا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دنیا مسترد کر چکی ہے، ماہرین کہہ رہے ہیں کہ ای وی ایم شفافیت میں رکاوٹ ہے، کارکردگی نہیں دکھائی جاتی تو وہ ای وی ایم کے پیچھے چھپتے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہیں اور رہیں گے، عمران نیازی نے کہا تھا کہ 4 حلقے کھولیں، انہوں نے دھرنا دے کر تماشہ لگایا اور قوم کا وقت ضائع کیا تھا، ان کا 126 روز کا دھرنا مذاق تھا، چینی صدر نے آنا تھا مگر اس دھرنے کی وجہ سے ان کا دورہ ملتوی کیا گیا، آج بھی سی پیک میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے دور میں ایل این جی کے ٹرمینل لگائے گئے، آج معیشت سسکیاں لے رہی ہے، صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی تو معیشت کا پہیہ کیسے چلے گا؟ جب پروڈکشن نہیں ہو گی تو مہنگائی میں اضافہ ہو گا، کہا جا رہا ہے کہ گھریلو صارفین کو ایل پی جی فراہم کی جائے گی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کیا اب ایل پی جی کے لیے بھی سخت سردی میں لوگوں کو لائنوں میں لگاؤ گے، اگر ایل این جی بر وقت برآمد کرتے تو 6، 7 ڈالر کی پڑتی، اپنے پیاروں اور اے ٹی ایمز کو نوازنے کے لیے فرنس آئل سے بجلی پیدا کی گئی، کب سے سن رہے ہیں کہ ٹرمینل لگ جائے گا، آپ کے جھوٹ ختم نہیں ہو رہے، بلکہ بڑھتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کہے کہ ریاست انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں، تو دنیا کس نظر سے ہمیں دیکھے گی، یہ وہی آدمی ہیں جو کہتے تھے کہ ہیلی کاپٹر کا بنی گالا سے سفر گاڑی سے سستا ہے، یہ لوگ بولتے زیادہ اور سوچتے کم ہیں، پاکستان کا معاملہ ابھی گرے لسٹ میں ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ انہوں نے بہت خطرناک کھیل کھیلا ہے، اس ملک کے ساتھ 4 سال میں کھلواڑ کیا گیا ہے، سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا میں ضمنی انتخاب میں نیازی صاحب ہار جاتے ہیں، قومی وقار کا تقاضہ ہے کہ تمام جماعتیں ایک ایجنڈے پر اکٹھی ہوں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں پولیس کا ٹرانسفر و پوسٹنگ ایسے ہوتی ہیں جیسے چپڑاسی کی ہوتی ہیں، آج ڈاکہ زنی عام ہے، راہ چلتے لوگوں کو لوٹ لیا جاتا ہے، پنجاب کی حالتِ زار دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے، ڈینگی سے اموات ہو رہی ہیں کسی کو پرواہ نہیں ہے، انہوں نے قوم کو بے یار و مدد گار چھوڑ دیا ہے، ان کا محاسبہ ہو گا، متحدہ اپوزیشن ان کا مقابلہ کرے گی۔
نون لیگی رہنما حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا ہے کہ گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ کی آمد آمد ہے، کراچی میں صنعت بند ہو گئی ہے، یہ کس ایکسپورٹ کی بات کر رہے ہیں، انہوں نے ظالمانہ اقدامات کیئے ہیں، الیکشن کے میدان میں ان کےساتھ دو دو ہاتھ کریں گے۔
Comments are closed.