اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیئر پرسن احساس پروگرام ثانیہ نشتر کو ملک میں مزید پناہ گاہوں کا قیام عمل میں لانے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے چیئر پرسن احساس پروگرام ثانیہ نشتر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پناہ گاہوں کی صورتحال اور بہتری کے لیے جامع منصوبے پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ نجی بین الاقوامی ہوٹل سے پناہ گاہوں کے عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
چیئر پرسن احساس پروگرام ثانیہ نشتر نے بریفنگ میں کہا کہ بورڈ اور انتظامی معاملات کو دیکھنے کے لیے ہر پناہ گاہ میں 4 رکنی بورڈ تشکیل دیا جائے گا، سہولیات کے حوالے سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جو نگرانی میں مدد کرے گا، پناہ گاہوں میں مسائل کی نشاندہی کرکے ان کو حل کیا جائے گا، منصوبے پر 3 مرحلوں میں عمل کیا جائے گا، منصوبے کے مطابق پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے، منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس کا مقصد انسانی خدمت ہے، پناہ گاہوں کا مقصد غریب طبقے کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے، پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے۔
Comments are closed.