بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیراعظم عمران خان کے چہرے کا میک اپ اتر چکا، احسن اقبال

سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے چہرے کا میک اپ اتر چکا ہے۔

نارووال میں ن لیگ کی تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ملک ترقی کی طرف گامزن تھا۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ نے لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند کردیا تھا، نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان نے تین سال میں عوام کی چیخیں نکال دیں ہیں، ن لیگ کو چور کہنے والے پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چہرے کا میک اپ اتر چکا ہے، عوام کو سمجھ آ چکی ہے کہ ان سے دھوکا کیا گیا ہے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی حکومت میں بھارت نے کشمیر کو ہڑپ کر لیا ہے، عمران خان نے پاکستان اور کشمیر کے عوام سے دھوکا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھارت نے کشمیر میں سینسر شپ لگا دی ہے، مقبوضہ کشمیر سے کوئی خبر باہر نہیں آ رہی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے، پاکستان کا المیہ ہے کہ عوام ووٹ مسلم لیگ ن کو دیتی ہے اور نتیجہ پی ٹی آئی کا نکلتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.