حکمران جماعت تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نے اجلاس میں اپوزیشن اتحاد ( پی ڈی ایم ) سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
اسلام آباد میں پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم نے پی ڈی ایم پر کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کےا ندر کیا ہورہا ہے، وہ اُن کا مسئلہ ہے، اس حوالے سے اُن ہی سے پوچھا جائے۔
پی ٹی آئی سینیٹرنے مزید کہا کہ وزیراعظم کسی سےکوئی ڈیل نہیں کریں گے نہ این آر او دیں گے، عمران خان نے صرف عام آدمی پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی لانے کی ہدایت کی ہے اور آنے والے دنوں میں نتائج آجائیں گے۔
فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں رہ کر اثاثے اور جائیدادیں نہیں بنانی ہے، اسی ہفتے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا دائرہ کار وسیع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گنے کی پیداوار سے چینی کی فروخت تک اس کی مانیٹرنگ کی جائے گی، نئے اسٹاک پر چینی کی قیمت نیچے آجائے گی۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ سٹے بازوں کے لیے کوئی قانون نہیں تھا، ہماری حکومت نے قانون تیار کرلیا ہے، ہم نے 1958 کے قانون میں ترمیم کی ہے۔
اس سے قبل شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو نظر انداز کرنے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اس لیے اُسے نظر انداز کریں۔
Comments are closed.