وزارت خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو بھارت کے ساتھ تجارت سے متعلق تجاویز پر بریفنگ دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں بھارت اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات اور تجارت سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزارت خارجہ کی طرف سے وزیراعظم کو بھارت کے ساتھ تجارت سے متعلق تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت کے ساتھ تجارت بحال نہ کرنے کے فیصلے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیرکی آئینی صورتحال بحال ہونےتک بھارت سے تجارت نہیں ہوسکتی۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اصولی موقف ہے کہ کشمیر کامسئلہ حل کئے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کو حق خود ارادیت دیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات نارمل نہیں ہوسکتے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اس سے غلط تاثر جائے گا کہ ہم کشمیر کو نظر انداز کرکے بھارت سے تجارت شروع کریں۔
Comments are closed.