پاکستان نے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت تاریخ رقم کردی، ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان نے سری لنکا کو ورلڈ کپ میں مسلسل 8ویں بار شکست سے دوچار کردیا، گرین شرٹس نے 345 رنز کا بڑا ہدف 48 اعشاریہ 2 اوورز نے حاصل کرلیا۔
ورلڈ کپ 2023ء میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف میگا ایونٹ کا سب سے بڑا 345 رنز کا ہدف سیٹ کیا، جو پاکستان نے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 10 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
پاکستان کی دو بڑی وکٹیں صرف 37 رنز پر گر گئی، امام الحق 12 اور بابر اعظم 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد عبداللّٰہ شفیق اور محمد رضوان نے ذمے داری سے اننگز کو آگے بڑھایا اور 156 گیندوں پر 176 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو میگا ایونٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے چیز کی طرف لے گئے۔
عبداللّٰہ شفیق نے پارٹنر شپ کے دوران اپنی سنچری مکمل کی تو محمد رضوان نے نصف سنچری بنائی، گرین شرٹس کے اوپنر جب تک وکٹ پر موجود رہے وہ پوری طرح چھائے رہے۔
عبداللّٰہ شفیق 103 گیندوں پر 113 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 10 چوکے لگائے، اُن کے جانے کے بعد محمد رضوان نے آخر تک ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور اپنی سنچری مکمل کی۔
محمد رضوان نے اس میچ میں 131 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔
محمد رضوان نے پہلے سعود شکیل کے ساتھ مل کر اسکور میں 95 رنز کی شراکت قائم کی، سعود شکیل 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، وہ گرین شرٹس کے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر تھے۔
اس کے بعد انہوں نے افتخار احمد کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا، محمد رضوان کو شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پاس ہے، جس نے 2011ء میں انگلینڈ کے خلاف 328 رنز بنائے تھے۔
ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 345 رنز کا ہدف دے دیا، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 244 رنز اسکور کیے اور پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ کا سب بڑا ہدف سیٹ کیا۔
سری لنکن کے وکٹ کیپر بیٹر کوشل مینڈس اور سمارا وکرما نے سنچریاں اسکور کیں جبکہ پتھم نسانکا 51 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں دھننجایا ڈی سلوا 25، کپتان داسن شناکا 12 اور ڈینوتھ ویلالگے 10 رنز کے سوا کوئی اور کھلاڑی دہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔
گرین شرٹس کے حسن علی نے 4، حارث رؤف نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، شاداب اور محمد نواز نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی ہے۔
اس سے قبل راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہم پچھلے ہفتے سے یہاں ہیں، کنڈیشنز کا اندازہ ہوگیا ہے۔
اس موقع پر سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، رجیتھا کی جگہ تھکشانا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
گزشتہ میچ کھیلنے والی پاکستان ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی جگہ عبداللّٰہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا اس ورلڈ کپ میں یہ دوسرا میچ ہے، پاکستان نے اپنا پہلا میچ جیتا تھا جبکہ سری لنکا کو پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی۔
Comments are closed.