پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت قومی اسمبلی کے ٹکٹ دینے کےلیے حتمی فیصلے کے قریب پہنچ گئی ہے، چند حلقوں میں ناراض ارکان کو منانے کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن ٹکٹوں کے فیصلے پر آخری مرحلے میں غور کر رہی ہے، لاہور کے 14 میں سے 11 حلقوں پر نام سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے جن حلقوں میں ٹکٹ نہیں دیے جا سکے، وہاں ناراض رہنماؤں کو منانے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 119 اور 120 میں مریم نواز نے کاغذات جمع کروائے ہیں، زیادہ امکان ہے کہ وہ 119 سے الیکشن لڑیں گی، این اے 118 سے حمزہ شہباز، 122 سے سعد رفیق، 123 سے شہباز شریف، 124 سے رانا مبشر اور 125 سے سیف کھوکھر امیدوار ہوں گے۔
حلقہ این اے 126 سے افضل کھوکھر، 127 سے عطا تارڑ، 128 سے حافظ نعمان، 129 سے مہر اشتیاق اور 130 سے نواز شریف خود میدان میں ہوں گے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 119 سے مریم نواز نے الیکشن لڑا تو سابق ایم این اے علی پرویز ملک اپنے اس آبائی حلقے سے کھڑے نہیں ہوں گے، انہوں نے این اے 117 میں بھی کاغذات جمع کروائے ہیں، وہ مریم نواز کے سوا اپنا حلقہ کسی کو دینے پر تیار نہیں۔
ن لیگ کی استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) سے ابھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی اور علیم خان نے بھی این اے 119 اور 117 سے کاغذات جمع کروائے ہیں، اگر این اے 117 میں علیم خان کو ایڈجسٹ کیا گیا تو علی پرویز ملک کیلئے لاہور میں کوئی اور حلقہ نہیں بچے گا۔
این اے 121 میں ایاز صادق اور روحیل اصغر مدمقابل ہیں، اس حلقے کے 12 چیئرمینز نے ایاز صادق کے حق میں پارٹی کو لکھ کر دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگی قیادت روحیل اصغر کے بیٹے کو صوبائی سیٹ دے کر انہیں منانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
Comments are closed.