پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا این اے 249 ضمنی الیکشن سے متعلق کہنا ہے کہ انتخابات میں ن لیگ کو ہرا چکے ہیں، ن لیگ کی قیادت ضمنی الیکشن کو لے کر الزامات لگا رہی ہے، ن لیگ بتائے ڈسکہ، نوشہرہ، وزیرآباد کے انتخابات کیسےجیتے؟
سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ن لیگ کی مس مینجمنٹ ان کی شکست کا سبب بنی، ن لیگ والے بھاگ گئے تھے، ن لیگ دوہرے معیار بند کرے، ن لیگ جیت جائے تو کہا جاتا ہے لوگوں نے ووٹ دیا، جہاں سے پیپلزپارٹی جیت جائے اس کو ڈیل کہا جاتا ہے، ن لیگ عمران خان اور عثمان بزدار کو نہیں ہٹانا چاہتی۔
انہوں نے مزید کہ پولنگ ایجنٹ گنتی مکمل کروانے کے بعد فارم 45 ساتھ لے کر آتا ہے، ن لیگ نے 8 سے 9 بجےجیت کا جشن کیسے منایا؟ کون سا ان کے پاس فارم 45 آگیا؟ ہمارے پاس تمام فارم 45 موجود ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ محمد زبیر سے دس دن پہلے کہا تھا کہ ن لیگ کو ہرا چکے ہیں، ہمارا مقابلہ کالعدم ٹی ایل پی سے تھا، شاہد خاقان نے کہا کہ سلیکٹر نے ہمیں جتوایا ہے۔
سعید غنی نے مزید کہا ہے کہ انتخابات پراعتراضات شواہد کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں، شاہد خاقان عباسی کومناسب آدمی سمجھ کران کا احترام کرتا تھا، شاہد خاقان عباسی بتائیں انہیں کس نے باہر جانے کی اجازت دی تھی؟ شاہد خاقان بتائیں ان کی نوازشریف سے ملاقات میں کیا باتیں ہوئی تھیں؟ شاہد خاقان بتائیں وہ کون سی طاقت تھی کہ ان کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2017 میں بھی پول آئے تھے، لیکن ہم الیکشن جیتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیب مریم کو گرفتار کرنے والی ہو تو دس دن پہلے بتائے، آصف زرداری، فریال تالپور کے مقدمات اصولی طور پر سندھ میں چلنا چاہئیں، مبینہ کرپشن سندھ میں ہوئی ہے، کیسز پنڈی میں چل رہے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ ہم کہتے ہیں یہ کیس سندھ میں چلنا چاہئیں تو کہتے ہیں یہ ڈیل ہورہی ہے، آصف زرداری، فریال کو ضمانت ملے تو ڈیل ہے، شہباز شریف، حمزہ ،سعد رفیق کو ضمانت ملے تو جمہوریت کی فتح ہے۔
سعید غنی نے کہا ہے کہ پولنگ کے دن ہم نے الیکشن کمیشن کو شکایت کیں، کچھ یوسیزمیں ٹی ایل پی ہم سے آگے تھی، ن لیگ کی تیاری نہیں تھی اور وہ خوش فہمی کا شکار تھی۔
سعید غنی نے کہا ہے کہ شہید بھٹو، شہید بےنظیر نےجانیں دیں، زرداری جیلوں میں رہے مگر باہر نہیں بھاگے، ن لیگ کوئی ایک موقع بتائے کہ اس نے دھاندلی کے بغیر حکومت بنائی ہو؟
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا جسمانی قد زیادہ ہے، اور پاکستان میں سیاسی میچورٹی کے حوالے سے بلاول بھٹو کا قد سب سے زیادہ ہے۔
Comments are closed.