وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی گھٹی پر پلے سانپ زہریلے اژدھے بن گئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان افسروں پر گہری نظر ہے، جنہوں نے ن لیگ کی خواہشات پر عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی گھٹی پر پلنے والے زہریلے سانپ اژدہے بن گئے ہیں، ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کو موثر کردار کہیں نظر نہیں آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بدمعاشی کی بھینٹ چڑھنے والے کارکنوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے بدمعاشوں نے دو حلقوں میں پر امن فضا کو پرتشدد بنایا، ن لیگ کی انتہاپسندی کی سوچ مخالف کو قبول نہیں کرتی۔
فردوس اعوان نے یہ بھی کہاکہ جہاں بھی پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں ووٹر موجود ہیں پولنگ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ پر پہلے تشدد اور پھر فائرنگ کی گئی، جب سے الیکشن کا اعلان ہوا ریٹرننگ افسر نے صرف حکومت پر نظر رکھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے دانستہ طور پر اپوزیشن کو کھلی چھوٹ دی، اس نے حزب اختلاف پر نظر نہیں رکھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللّٰہ کی قیادت میں پولنگ کے عملے کو دھمکیاں دی گئیں، ن لیگ کے کارکن دندناتے پھررہے تھے اور فائرنگ کررہے تھے، اپوزیشن جماعت نے پولنگ روکنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔
Comments are closed.