پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس میں صحافی احمد نورانی سے منسوب بیان کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا کہ اگر ثاقب نثار کی آڈیو جعلی ہے تو برطانیہ میں نجی چینل پر چلائیں تاکہ انھیں بھی کچھ پیسے مل جائیں۔
احمد نورانی نے ثاقب نثار سے متعلق ایک نجی چینل کے بیان پر ردِعمل ظاہر کیا تھا کہ اگر یہ ویڈیو جعلی ہے تو برطانیہ میں اپنے چینل پر چلائیں، انھوں نے مزید کہا تھا کہ ان کا بھی ہاتھ آج کل تنگ ہے۔
آڈیو کلپ سے متعلق مریم نواز سے صحافی کا سوال
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے پریس کانفرنس کے دوران سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر آپ کا ایک آڈیو کلپ وائرل ہے؟
صحافی نے سوال کیا کہ آڈیو کلپ میں آپ کچھ چینلز کو اشتہار دینے کا منع کر رہی ہیں، وہ ویڈیو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اس پر مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ نہیں کہیں گی کہ یہ آڈیو اُن کی نہیں ہے، وہ آڈیو بہت پرانی ہے۔
ثاقب نثار بتائیں کہ آپ کو کس نے مجبور کیا: مریم نواز
مسلم لیگ نون کی نائب صدر، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس سے سوال کیا ہے کہ ثاقب نثار بتائیں کہ آپ کو کس نے مجبور کیا؟
مسلم لیگ نون کی نائب صدرمریم نواز نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی لیک آڈیو پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ ’’کیا کوئی اور ویڈیوز بھی آ رہی ہیں؟‘‘ کے جواب میں کہا کہ مزید ویڈیوز آنے کا مجھے تو علم نہیں ہے لیکن جب گناہ ہوتا ہے تو اس کا ثبوت بھی کہیں نہ کہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز ان کی نہیں ہے، ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا پڑے گا، پہلی گواہی شوکت عزیز صدیقی صاحب کی تھی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ ثاقب نثار بتائیں کہ کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، بتائیں آپ کو کس نے مجبور کیا کہ نواز شریف اور مجھے سزا دیں، ثاقب نثار بتائیں کہ آپ غیر قانونی اقدامات پر کیوں مجبور ہوئے اور وہ کون تھا جسے آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار صاحب کی کسی کے ساتھ گفتگو کی سامنے آنے والی آڈیو میں نہیں پتہ کہ سابق چیف جسٹس کس کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں، آڈیو کو جھوٹ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم آڈیو کے ساتھ امریکی فارنزک رپورٹ بھی ہے۔
مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے کہا کہ ثاقب نثار نے بھی مان لیا ہے کہ آڈیو کلپ میں آواز ان کی ہے، کہا گیا کہ مختلف تقریبات سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آواز جوڑ کر آڈیو بنائی گئی، پاکستان میں انصاف کس طرح عمل میں لایا جاتا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر ثاقب نثار نے کسی تقریب میں اعتراف کیا ہے تو بڑی بات ہے لیکن اس تقریب کی گفتگو ہمارے سامنے نہیں آئی، جب آڈیو سامنے آئی تو پہلے ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز ان کی نہیں، گلگت بلتستان کے چیف جج رانا شمیم کا بیانِ حلفی بھی سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے بیانِ حلفی کے بعد ثاقب نثار کا جواب آیا کہ وہ پاگل ہیں کہ عدالتوں کے چکر لگائیں، ثاقب نثار بتائیں آپ غیر آئینی اقدامات پر کیوں مجبور ہوئے؟ یہ نواز شریف اور نون لیگ کے حق میں پانچویں گواہی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ عمران خان کو کہا گیا کہ نواز شریف کے خلاف درخواست ہمارے پاس لائیں، پاناما میں 450 افراد کے نام آئے، کسی کو کچھ نہیں کہا گیا، جس کا نام نہیں آیا اس کو سزا دی گئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر منتخب وزیرِ اعظم کو آفس سے باہر نکالا گیا۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج وہ جے آئی ٹیز کہاں ہیں؟ منتخب وزیرِ اعظم 18 گریڈ کے افسر کے سامنے پیش ہوتے رہے، 74 سال میں ایسا کون سا کیس ہے جس میں مانیٹرنگ جج بٹھایا گیا، حنیف عباسی کو انتخابات سے پہلے جیل میں ڈال دیا گیا۔
Comments are closed.