پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیّر حسین بخاری نے کہا ہے کہ نیب چیئرمین کو توسیع دینے کے آرڈیننس کو سینیٹ میں مسترد کرائیں گے۔
اسلام آباد پی پی رہنما شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نیّر بخاری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے مخالف نہیں، اس مشین کے پیچھے جو لوگ ہیں اس کا مسئلہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں پیٹرول 79 سے 85 ڈالر فی بیرل ہے، ملک میں خسارہ بڑھ رہا ہے وزیر خزانہ تیل ادھار لینے پر خوش ہو رہے ہیں۔
نیّر بخاری نے یہ بھی کہا کہ رواں مالی سال سے تجارتی خسارہ بڑھنا شروع ہوگیا ہے، لوگوں کی دسترس سے چیزیں باہر ہورہی ہیں عوام تنگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہوجاتی ہیں، مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی کا احتجاج جاری ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ بے حس حکمران ہر 15 دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں اور کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکمران عوام سے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، انٹرنیشنل سطح پر قیمتوں سے 40 فیصد زائد قیمت وصول کی جارہی ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، حکومت پٹرولیم مصنوعات کی بڑھائی گئی قیمت واپس لے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی برطرف ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے، برطرف ملازمین کو نظرثانی کی اپیل کے فیصلے تک نہ نکالیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم) کے استعمال کو مسترد کرتے ہیں۔
Comments are closed.