عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلیا میں عدالتی جنگ جیتنے کے بعد اپنی تمام تر توجہ آسٹریلین اوپن پر مرکوز کردی۔
انہوں نے عدالتی جنگ جیتنے کے بعد ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’میں خوش اور شکرگزار ہوں کہ جج نے میرے ویزے کی منسوخی کو کالعدم قرار دیا۔‘
نوواک جوکوچ نے کہا کہ اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود، میں آسٹریلین اوپن میں مقابلہ کرنے کی کوشش کررہا ہوں اور اپنی تمام تر توجہ اسی پر مرکوز کیے ہوئے ہوں۔
عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نے کہا کہ میں نے حیرت انگیز شائقین کے سامنے ایک اہم ترین ایونٹ میں کھیلنے کے لیے یہاں اڑان بھری تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلیا ملک بدری کا کیس جیت گئے تھے، آسٹریلوی عدالت نے جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنے کافیصلہ کالعدم قراردے دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق حکومت ٹینس اسٹار کا ویزا منسوخ کرنے کی درست دلیل دینے میں ناکام رہی ہے۔
آسٹریلوی عدالت نے حکومت کو ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے بدھ کے روز کورونا وائرس کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ بدھ کو سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے میلبورن پہنچے تو ائیرپورٹ حکام نے ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزے کی بنیاد پر داخلے سے روکا تھا۔
نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں سرکاری حراستی ہوٹل میں حراست میں رکھا گیا تھا، اس اقدام کے خلاف جوکووچ کے وکلا نے عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔
Comments are closed.