بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ اور پنجاب میں دھند، حدِ نگاہ کم، ٹریفک کی روانی، فلائٹ آپریشن متاثر

صوبۂ سندھ اور پنجاب میں دھند نے ایک بار پھر ڈیرے ڈال لیے جس کے باعث اہم شاہراہوں پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی جس سے ٹریفک کی روانی اور فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔

سندھ بھر کی مختلف قومی شاہراہوں پر دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے۔

ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے ساؤتھ زون کے مطابق ہالا، سعید آباد، سکرنڈ، مورو، خیر پور، سکھر اور گھوٹکی میں حدِ نگاہ کم ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی دھند کی وجہ سے…

انڈس ہائی وے پر پٹارو، سیہون سے لاڑکانہ پر دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوئی ہے۔

ادھر پنجاب کے وسطی اور میدانی علاقے بارش رکنے کے 2 روز بعد گہری دھند کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

لاہور، فیصل آباد، جہانیاں، چیچہ وطنی، بہاول پور، کمالیہ، گوجرہ اور شکر گڑھ میں گہری دھند ہے، جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کریں، گاڑی کی رفتار کم رکھنے کے ساتھ گاڑیوں کے درمیان فاصلہ زیادہ رکھیں۔

موٹر وے پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ انتہائی ضرورت کے تحت نکلتے وقت گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کریں، دھند کے دوران گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ زیادہ رکھیں۔

دوسری جانب لاہور میں گہری دھند کی وجہ سے ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، دبئی اور شارجہ سے آنے والی پروازوں کو اسلام آباد کے ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا ہے۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق حدِ نگاہ بہتر ہونے پر فلائٹ آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.