بدھ 10؍ذیقعد 1444ھ31؍مئی 2023ء

نوجوت سنگھ سدھو نے جیل سے رہائی کے بعد اہلیہ کی خواہش پوری کردی

حال ہی میں جیل سے رہائی پانے والے بھارتی سیاستدان اور سابق ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے اہلیہ نوجوت کور سدھو جنہیں اسٹیج 2 کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، کی خواہش پوری کر دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر نوجوت سنگھ سدھو نے حال ہی میں گنگا دسہرہ کے موقع پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ اہلیہ کی خواہش پوری کرتے ہوئے رشی کیش کا دورہ کیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سابق ٹیسٹ کرکٹر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے رشی کیش کے دورے سے اپنی اہلیہ نوجوت کور سدھو، بیٹی رابعہ سدھو اور بیٹے کرن سدھو کے ساتھ تصاویر شیئر کیں۔

ان تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو جیل سے رہائی کے بعد اپنا زیادہ تر وقت اہل خانہ کے ہمراہ گزار رہے ہیں اور اپنی توجہ اپنی اہلیہ نوجوت کور سدھو کو دے رہے ہیں، جنہیں رواں سال مارچ میں اسٹیج 2 کا کینسر تشخیص ہوا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کی پٹیالہ جیل سے رہائی سے ایک روز قبل ان کی اہلیہ نوجوت کور سدھو نے جذباتی ٹوئٹ شیئر کر دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر رشی کیش سے تصاویر شیئر کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کی اہلیہ کے لئے دعاگو ہیں کہ اس مقدس مقام پر دورے کے بعد ان کی تکلیف دور ہوجائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.