پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز کارکنان پارٹی کا اہم اثاثہ ہیں جن پر پارٹی فخر کرتی ہے۔
انہوں نے یہ بات ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کو تحریر کیے گئے اپنے خط میں کہی۔
گزشتہ روز موصول ہونے والے خط میں میاں نواز شریف نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کو میاں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرنے اور پارٹی کو جاپان اور اوورسیز میں متحرک رکھنے میں بہترین کردار ادا کرنے پر خصوصی حوصلہ افزائی بھی کی۔
ن لیگ جاپان کے صدر کو میاں نواز شریف کی جانب سے خط کے ساتھ پھولوں کا گلدستہ بھی بھیجا گیا۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بہت بڑی اکثریت میاں نواز شریف کے چاہنے والوں پر مشتمل ہے مستقبل میں اگر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق ملا تو جیت ہر حال میں میاں نواز شریف کی ہوگی۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت ہر چیز سے مقدم ہے جس طرح ماضی میں میاں نواز شریف کو قوم کے لیے محترمہ کلثوم نواز کو بیماری کی حالت میں چھوڑ کر جانا پڑا اس دفعہ پارٹی کارکنان میاں نواز شریف کو ایسے کسی اقدام کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلی حکومت ن لیگ کی ہوگی اور میاں نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے جبکہ اسحق ڈار ایک بار پھر ملک کو معاشی مسائل سے نجات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔
Comments are closed.