مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے استفسار کیا ہے کہ کیا نواز شریف باہر چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ڈیل کرکے گئے؟
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف مینار پاکستان جلسے کی تقریر میں ملک کو مسائل سے نکالنے کا پورا پلان دیں گے، قوم کو بتائیں گے کہ ملکی مسائل ماضی کی کن وجوہات کی بنا پر پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے بھی خوفزدہ نہیں، ہمارے سارے مخالف بونے ہیں، جن کو مصنوعی طور پر بنایا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں لاہور میں مینار پاکستان سے بڑی جگہ جلسے کے لیے نہیں ملی، ن لیگی قائد اپنے خطاب میں وہ بیانیہ بھی دیں گے جو موجودہ مسائل کے حل کا باعث بنے گا۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اقتدار میں آنے کا ووٹ ہی ایک طریقہ ہے، صاف و شفاف الیکشن سے ووٹ جس کو ملے اس کو حکومت ہی نہیں اختیار بھی ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے خوفزدہ نہیں باقی سارے بونے ہیں، جن کو مصنوعی طور پر بنایا گیا،ن لیگ کے فیصلوں میں قومی مفاد اور عوام آدمی کو اہمیت دی جاتی ہے ۔
طلال چوہدری نے سوال کیا کہ نوازشریف باہر گئے تو حکومت پی ٹی آئی کی تھی، کیا انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈیل کی؟
اُن کا کہنا تھا کہ پوچھتا ہوں کوئی جناح ہاؤس کو جلائے، قومی راز افشا کرے کیا اس کو نہیں پوچھا جائے گا؟ فارن فنڈنگ میں کروڑوں ڈالر جیب میں آئے ہیں اور کہتے ہیں پوچھا نہ جائے؟
ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف ہر قسم کے حالات کےلیے تیار رہتے ہیں وہ یہ سب پہلے بھی بھگت چکے ہیں، آئیں کارکردگی پر بات کریں، لاہور، پشاور اور کراچی کا موازنہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قانونی ٹیم سمجھتی ہے نواز شریف کو ضمانت ملے گی، پارٹی قائد پاکستان آرہے ہیں، وہ ہر قسم کے حالات کا سامنا کریں گے۔
Comments are closed.