بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نواز شریف، افغان مشیر ملاقات: فواد چوہدری نے ن لیگی قیادت سے وضاحت مانگ لی

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور افغان مشیر قومی سلامتی کی ملاقات کی آڈیو ٹرانسکرپٹ سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان مخالف افغان باشندے نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد بھارتی خفیہ اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے دوران پریس کانفرنس سوالات اٹھائے کہ نوازشریف نے پاکستان کے خلاف نفرت انگیز زبان استعمال کرنے والے افغان مشیر سے ملاقات کیوں کی؟

وفاقی وزیر نے استفسار کیا کہ ملاقات کا ایجنڈا کیا تھا؟ کس کے ساتھ شیئر کیا گیا؟ اس ملاقات کا شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو علم تھا؟

اُنہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا نواز شریف نے پاکستان مخالف افغان مشیر سے ملاقات کے بارے میں اپنی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو آگاہ کیا؟

فواد چوہدری نے استفسار کیا کہ نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم رہے کیا انہیں پاکستان مخالف شخص سے ملاقات کرنی چاہیے تھی؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے سوالات پر اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے وضاحت مانگ لی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملاقات کی آڈیو ٹرانسکرپٹ عوام کے سامنے لائی جائیں، پاکستان مخالف افغان باشندے نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد بھارتی خفیہ اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت سازشوں کا سامنا ہے، عمران خان خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتے، نواز شریف کی تاریخ تنازعات سے بھری پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے افغان مشیر حمداللّٰہ محب نے پاکستان کے خلاف مغلظات بکیں تو اس کے بعد سے پاکستان افغان مشیر سے تمام رابطے ختم کرچکا ہے۔

فواد چوہدری نے وضاحت کی کہ ہم کابل میں ایسی حکومت کے لیے کوشاں ہیں، جس پر تمام گروپوں کا اتفاق ہو۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.