جمعہ12؍ربیع الاوّل 1445ھ29؍ستمبر 2023ء

نواب شاہ: رینجرز اور پولیس کا آپریشن، 4 افراد ہلاک

نواب شاہ کے گاؤں ماڑی جلبانی میں مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران مشتعل افراد کے تشدد سے 5 رینجرز اہلکار زخمی ہوئے جبکہ رینجرز کی دفاعی فائرنگ سے گاؤں کے 4 افراد ہلاک، 4 زخمی ہو گئے۔ 

ایس ایس پی حیدر رضا کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے گھروں کا سرچ آپریشن کیا تو گاؤں والوں نے مزاحمت کی، گاؤں کے مشتعل افراد نے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ کیا، مزاحمت پر پولیس اہلکار گاؤں سے باہر آ گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ رینجرز اہلکاروں کو مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا، سریوں اور ڈنڈوں کے وار سے زخمی کیا۔

ایس ایس پی حیدر رضا نے بتایا کہ مشتعل افراد کے تشدد سے رینجرز کے 5 اہلکار زخمی ہوئے، پولیس اور رینجرز نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی، فائرنگ میں گاؤں کے 4 افراد ہلاک، 4 زخمی ہوئے۔

اُنہوں نے بتایا کہ ورثاء کا لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروانے کا مطالبہ تسلیم کر لیا، پولیس واقعے کے ذمے داروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کو تیار ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پولیس اور رینجرز افسران کو نامزد کیا جائے۔

ایس ایس پی حیدر رضا نے بتایا کہ تفتیش کیے بغیر کسی فرد کا نام مقدمے میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ جوڈیشل انکوائری کے لیے تیار ہیں جس اہلکار کی غفلت ثابت ہوئی اس پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا اور مزاحمت پر بے گناہ افراد پر فائرنگ کی۔

مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز کے افسران کے خلاف مقدمے کے اندراج تک دھرنا جاری رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.