جمعہ22؍ربیع الثانی 1444ھ 18؍نومبر 2022ء

نسیم شاہ کے بھائی حنین شاہ کے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چرچے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی حنین شاہ بھائی کی طرح دِکھنے کے ساتھ ساتھ انہی کی طرح کھیلتے بھی ہیں۔

گزشتہ روز حنین شاہ کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلی وکٹ حاصل کرنے کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں کو معلوم ہوا کہ حنین نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی ہیں۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگوں کو معلوم ہوا کہ حنین شاہ کی شکل و صورت کے علاوہ بولنگ اسٹائل اور رفتار بھی اپنے بھائی جیسی ہے۔

حنین شاہ اس وقت فرسٹ کلاس کرکٹ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان ٹیم کے کھلاڑی بلاول کی وکٹ حاصل کی تھی۔

اس سے قبل نوجوان فاسٹ بولر نے ستمبر میں نیشنل ٹی 20 کپ میں خیبرپختونخوا کے خلاف وسطی پنجاب کے لیے اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔

حنین شاہ 2020ء میں نیشنل انڈر19 ون ڈے چیمپئن شپ میں سینٹرل پنجاب انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا حصہ تھے جہاں انہوں نے فائنل میچ میں اچھی بولنگ کرا کر خوب تعریفیں وصول کی تھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.