ناظم جوکھیو قتل کیس میں مقتول کی اہلیہ شیریں جوکھیو نے مقدمے میں بیان قلمبند کروادیا اور کہا کہ ملزمان کو رہا کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، ملزم جام اویس کو جیل حکام نے آج بھی عدالت میں پیش نہیں کیا اور موقف اختیار کیا کہ ملزم اسپتال میں زیر علاج ہے۔
جیل حکام نے عدالت میں جام اویس کی میڈیکل رپورٹ پیش کی تو جج نے آئندہ سماعت پر جام اویس کو پیش کرنے کےلیے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے۔
عدالت میں سماعت کے دوران نادرا کی جانب سے مقتول ناظم جوکھیو کے ورثا سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، جسے ریکارڈ کا حصہ بنالیا گیا۔
اس موقع پر عدالت میں مدعی مقدمہ افضل جوکھیو اور مقتول کی اہلیہ شیریں جوکھیو نے بیان قلمبند کرایا۔
شیریں جوکھیو نے موقف اختیار کیا کہ جام اویس سمیت 6 ملزمان سے صلح ہوچکی ہے، ان کی رہائی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
آج کی سماعت میں مقتول کی والدہ نے طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہیں کرایا ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
Comments are closed.