بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ناخن انسان کی شخصیت کے بارے میں کیا بتاتے ہیں؟

ہر انسان کے ناخن دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں یہاں تک کہ بچوں کے ناخن بھی والدین سےمختلف ہو سکتے ہیں۔ البتہ ناخنوں کی ساخت میں شخصیت کے راز بھی پوشیدہ ہوتے ہیں۔

نائجیریا کے ایک ماہر نے ہزاروں افراد کے ناخنوں کی ساخت اور ان کے کردار کا جائزہ لینے کے بعد بتایا ہے کہ اگر ناخنوں کا بغور جائزہ لے لیا جائے تو اس سے انسان کی پوشیدہ شخصیت بھی بے نقاب ہو سکتی ہے۔

چوڑے، لمبے اور مستطیل نما ناخن

اس ساخت والے ناخن پُرسکون، بردبار، متوازن، آزاد اور وسیع تر ذہنیت رکھنے والی شخصیت کے عکاس ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ قابلِ بھروسہ ہوتے ہیں اور وہ اپنی گفتگو سے لے کر عمل تک میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ وہ پیدائشی لیڈر بھی ہوتے ہیں۔

بہت چھوٹے اور مربع شکل والے ناخن

ایسے ناخن جن لوگوں کے ہوتے ہیں وہ تیز دماغ، لچک دار مزاج اور دوسروں سے بہت اچھے تعلقات رکھنے والے ہوتے ہیں۔ وہ بہت جلدی غصے میں آجاتے ہیں لیکن اتنی ہی جلدی ان کا غصہ ختم بھی ہوجاتا ہے۔ البتہ وہ بہت لالچی اور پرتشدد مزاج رکھنے کے علاوہ دوسروں سے جلن اور حسد کرنے والے بھی ہوتے ہیں۔

لمبے لیکن کم چوڑے ناخن

یہ لوگ انتہائی انا پرست ہوتے ہیں اور موقع پرستی ان کی فطرت میں ہوتی ہے۔ یہ اپنے فائدے کے لیے کسی بھی موقع سے فائدہ اٹھانا خوب جانتے ہیں۔ عیش پسندی ان کے مزاج کا لازمی حصہ ہوتی ہے اور وہ ہر وقت دوسروں کی توجہ کا مرکز بنے رہنا چاہتے ہیں۔ وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی برا مان جاتے ہیں اور انہیں اپنی ذات پر حملہ تصور کرتے ہیں۔

چھوٹے ناخن

جن لوگوں کے ناخن دوسرے افراد کی نسبت چھوٹے ہوتے ہیں وہ عموماً جلد غصے میں آنے والے اور بے صبرے ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود وہ بہت ذہین بھی ہوتے ہیں۔ ناخن جتنے چھوٹے ہوں گے، ایسا شخص اپنے لیے دوسروں سے اتنی ہی زیادہ توقعات رکھنے والا ہوگا اور اسی قدر خود غرض بھی ہوگا۔ البتہ یہ لوگ اپنی منزل پانے کے لیے شدید ترین محنت بھی کرتے ہیں اور ہر کام کو بہترین انداز میں کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس میں وہ اکثر کامیاب بھی ہو جاتے ہیں۔

بادام جیسے ناخن

حساس، نرم مزاج اور رومانوی مزاج رکھنے والوں کے ناخن عموماً ایسے ہی ہوتے ہیں۔ وہ خواب و خیال کی مثالی دنیا میں جیتے ہیں اور جب دوسرے انہیں اہمیت دیتے ہیں تو وہ بے حد خوش ہوتے ہیں۔ وہ بہت زیادہ جذباتی ہوتے ہیں جو ہلکے پھلکے مذاق پر بھی ناراض ہوجاتے ہیں۔

تکون شکل والے ناخن

جن لوگوں کے ناخن مثلث نما ہوتے ہیں وہ عموماً شاعری، ادب، موسیقی اور مصوری وغیرہ میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں اور ان کی شخصیت میں شائستگی کا عنصر نمایاں ہوتا ہے۔ لیکن وہ مستقل مزاج ہر گز نہیں ہوتے اور کوئی بھی کام زیادہ دیر کرنے پر اکتاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔

بہ الفاظِ دیگر، انہیں ’’متلون مزاج‘‘ کہنا چاہیے مگر ساتھ ہی ساتھ ان میں خلافِ مزاج باتیں یا صدمات برداشت کرنے کی صلاحیت بھی نہیں ہوتی اور ایسے حالات میں وہ نروس بریک ڈاؤن تک کا شکار ہوجاتے ہیں۔

وہ معاشرے میں ممتاز اور مشہور مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں جبکہ انہیں ہارنے سے شدید نفرت ہوتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.