پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ نیا سال اگر 2023ء جیسا ہے تو میں مبارک نہیں دے سکتا، میں نئے سال کی مبارک آپ کو 9 فروری کو دوں گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر قیمت پر الیکشن لڑے گی، انشاء اللّٰہ ہم الیکشن جیتیں گے، ہر سیٹ پر ہمارے امیدوار ہیں، یہی ہماری اسٹریٹجی تھی کہ ہر حلقے سے اپنا امیدوار کھڑا کیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف ہمارے امیدوار ہیں، باہر نکلتے ہیں تو اٹھا لیے جاتے ہیں، دوسری طرف جس کو اٹھا کر لائے تھے وہ باہر ہی نہیں نکلتا، آئین کسی کو بھی الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا۔
انہوں نے کہا کہ 300 سے زائد کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں، یہاں لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، ہم ان ہتھکنڈوں کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔
بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ نے اجازت دے دی ہے، بانی پی ٹی آئی خود ٹکٹ جاری کریں گے، اُمید ہے سپریم کورٹ سے ہمیں انصاف ملے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف بری نہیں ہوئے، کیس میں پراسیکیوشن بھاگی ہے، نواز شریف کو ایئر پورٹ تو اتارا جاسکتا ہے مگر لوگوں کے دلوں میں نہیں۔
Comments are closed.