جمعرات21؍ربیع الثانی 1444ھ17؍نومبر 2022ء

میں کسی بھی کمپنی کا CEO نہیں بننا چاہتا: ایلون مسک

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نہیں بننا چاہتے۔

ایلون مسک پر ان کی کمپنی ٹیسلا کے شیئر ہولڈر رچرڈ جے ٹورنیٹا نے الزام لگایا کہ اُنہوں نے کمپنی میں بطور سی ای او حد سے زیادہ معاوضہ وصول کیا۔

ایلون مسک نے امریکی عدالت میں اس کیس کی سماعت کے دوران  کہا ہے کہ ’درحقیقت، میں کسی بھی کمپنی کا سی ای او نہیں بننا چاہتا‘۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ٹوئٹر کے چیف عارضی طور پر بنے ہیں اور جلد ہی وہ سوشل میڈیا کمپنی کو چلانے کے لیے ایک نیا لیڈر تلاش کرلیں گے۔

اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ہفتےٹوئٹر میں انتظامیہ کی تنظیم نو مکمل ہو جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ’سی ای او کو اکثر ایک ایسے شخص کے طور پر دیکھا جاتا ہے جس کی توجہ صرف کاروباری اہداف حاصل کرنے پر ہوتی ہے لیکن  میرا کردار کمپنی میں ایک انجینئر کا ہے جو ٹیکنالوجی کو ترقی دیتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہم مزید جدید ٹیکنالوجی تیار کریں اور یہ بھی کہ ہمارے پاس ناقابلِ یقین انجینئرز کی ایک ٹیم ہو جو یہ مقاصد حاصل کر سکتی ہو‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’یہ میرا تجربہ ہے کہ اچھے انجینئرز صرف ایک عظیم انجینئر کے لیے کام کریں گے اور یہی میرا پہلا فرض ہے نہ کہ کمپنی کا سی ای او ہونا‘۔ 

ایک رپورٹ کے مطابق، ٹیسلا بورڈ کے ایک سابق ممبرجیمز مرڈوک کا کہنا ہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کمپنی کے سی ای او کے عہدے سے سبکدوش ہونے پر غور کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک ایسا اس لیے سوچ رہے ہیں کیونکہ سرمایہ کار ان کی ملٹی ٹاسکنگ کی شاندار صلاحیت سے خوفزدہ ہو گئے ہیں۔

ایلون مسک نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ اپنا زیادہ تر وقت جہاں بھی بحران ہو وہاں گزارتے ہیں‘۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک نے اس مرتبہ ملازمین کو نوکری سے نکال کر نہیں بلکہ اپنا وزن کم کر کے لوگوں کو حیران کردیا۔

اُنہوں نے اس ہفتےایک ٹوئٹ کیا تھا کہ ’وہ ٹوئٹر کے سان فرانسسکو ہیڈ کوارٹر میں اس وقت تک چوبیس گھنٹے موجود رہیں گے جب تک کہ وہ اس کمپنی کے مسائل کو ٹھیک نہ کر لیں‘۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے حال ہی میں 44 بلین ڈالرز کی ادائیگی کے بعد ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالا، خود کو چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا اور کمپنی کے آدھے عملے کو نوکریوں سے فارغ کردیا اور متعدد نئے پراجیکٹ آئیڈیاز کا آغاز کیا۔

ایلون مسک پر ٹیسلا کمپنی کے شیئر ہولڈر رچرڈ جے ٹورنیٹا نے 2018ء میں ایک مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ کمپنی کے سی ای او کا معاوضہ حد سے زیادہ ہے اور کمپنی کے بورڈ کی جانب سے اتنے معاوضے کی ادائیگی کی اجازت دینا کمپنی کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

رچرڈ جے ٹورنیٹا نے مقدمے میں یہ الزام بھی لگایا کہ ایلون مسک نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ادائیگی پیکج کی شرائط بتائیں اور اس کے بعد اُنہیں ایسے شیئر ہولڈرز کی ووٹنگ کے لیے پیش کیاجنہیں کچھ اہداف تک پہنچنے میں دشواری کے بارے میں گمراہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ابھی ایلون مسک بیک وقت دنیا کی سب سے قیمتی کار ساز کمپنی ٹیسلا، دوسرے سب سے بڑے ڈیفینس کانٹریکٹر اسپیس ایکس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ٹوئٹر میں بطور چیف ایگزیکٹوخدمات انجام دے رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.