بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

میں نے پاکستان کو نہیں بلکہ پاکستان نے مجھے منتخب کیا: کینیڈین وی لاگر

کینیڈین موٹر سائیکلسٹ اور وی لاگر روزی گیبریل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دورے کیلئے انہوں نے پاکستان کا انتخاب نہیں کیا بلکہ پاکستان نے خود انہیں منتخب کیا ہے۔

روزی نے یومِ پاکستان کے موقع پر سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر سبز ہلالی پرچم تھامے تصویر شیئر کی اور تفصیلی کیپشن میں پاکستان آنے اور یہاں شادی کرنے کے تجربے کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال قبل جب میں نے کینیڈا کو مستقل طور پر چھوڑ کر دنیا گھومنے کا فیصلہ کیا تو مجھے نہیں معلوم تھا کہ پاکستان کا دورہ میری زندگی بدل کر رکھ دے گا۔

A post shared by Rosie Gabrielle (@rosiegabrielle)

انہوں نے کہا کہ یہاں پہلے میں ایک مختصر دورے پر آئی تھی لیکن پھر جلد ہی دوبارہ پاکستان کا دورہ کیا اور یہیں کی ہو کر رہ گئی۔

کینیڈین وی لاگر نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے میری تمام تر توانائی پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانے میں صَرف ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مثبت تبدیلی کیلئے میں دل و جان سے کام کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔

 آخر میں انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے اس خوبصورت سرزمین میں اپنی زندگی کی محبت تلاش کرلی تو  اب میں فخر سے اس ملک کو اپنا گھر بھی کہہ سکتی ہوں۔‘

گزشتہ دنوں روزی نے باضابطہ طور پر شادی کا اعلان کیا تھا، روزی کا کہنا تھا کہ میں اب شادی شدہ ہوں! میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں پاکستان آؤں گی اور مجھے اس ملک سے پیار ہوجائے گا، ناصرف اس ملک اور اس کے عوام سے بلکہ خاص طور پر ایک خاص شخص سے بھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس انسٹاگرام پر روزی نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ہاتھ میں قرآن مجید تھامے تصویریں اپلوڈ کی تھیں اور مذہب تبدیل کرکے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.