علما و مشائخ سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر اپنے اقدامات بھی دہرائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے علماء و مشائخ سے کہا کہ میں بھی سچا عاشق رسول ﷺ ہوں، میں نے اس معاملے پر عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر عالمی سطح پر ناموس رسالت پر اٹھائی گئی آواز کے حوالے دیے اور کہا کہ ہم نے رحمۃ للعالمین ﷺ اتھارٹی بھی بنائی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے علما و مشائخ پر باور کروایا کہ میں کالعدم تنظیم (ٹی ایل پی) کے معاملے کے پرامن حل کا خواہشمند ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص خراب ہورہا ہے، بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش کر رہا اور اس تمام صورتحال کا فائدہ مخالفین کو پہنچ رہا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے علماء کی ایک تجویز پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں غلط روایت نہیں ڈالوں گا۔
وزیراعظم نے دوران گفتگو فرانس کے سفیر کو نکالنے کے مطالبے سے متعلق اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا ہمارے لیے نقصان کا باعث ہوگا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ یورپین ممالک میں پاکستان کی ایکسپورٹ 10 ارب ڈالر ہے، ایسا مطالبہ ماننے سے یورپین ممالک کی مارکیٹ پاکستان کے لیے بند ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کا یہ مطالبہ ماننے سے صنعتیں اور فیکٹریاں بند ہوجائیں گے اور ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا، ملک ایسی کسی صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
Comments are closed.